ممبئی،8؍فروری(ایس او نیوز؍یو این آئی) ممبئی پولیس نے ہریانہ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان کو شہر کے کچھ سینما گھروں میں بم دھماکوں کے بارے میں جھوٹی پوسٹ ٹوئٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ پولیس ڈپٹی کمشنر (سائبر) ریشمی کرندیکر نے پیر کو یہاں بتایا کہ بنوری سنگھ نامی ایک نوجوان نے 22 جنوری کو ’کمانڈو سنگھ‘ کے نام سے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کہا تھا کہ ضلع پالگھر میں مالڈ، اندھیری اور وسائی میں سات ملٹی پلیکسوں میں دھماکے ہوں گے۔ اس نے ٹوئٹ میں ممبئی پولیس اور پولیس کمشنر کو ٹیگ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس نے اپنے ٹوئٹر پوسٹ میں کہا تھا کہ دھماکے سات ملٹی پلیکسوں میں ہوں گے جہاں ہندی فلم ’ میڈم مکھیہ منتری‘ شو جاری ہے۔
افسر نے بتایا کہ اس پیغام کے بعد پولیس نے مختلف تھیٹروں کی چھان بین کی اور بعد میں اسے جھوٹا پایا۔ اس دوران ملزم نے اپنے ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا۔ پولیس کے معاملہ درج کرنے کے بعد سائبر برانچ نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔ ملزم کو گزشتہ ہفتے ہریانہ سے گرفتار کیا گیا اور اس کا موبائل فون ضبط کر لیا گیا ہے۔